پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز کی فیس میں 233 فیصد سے زائد اضافہ، ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبہ اب سالانہ 50 ہزار روپے دیں گے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پنجاب کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی سالانہ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ فیسوں میں اضافے کا اطلاق رواں سال نئے داخلے لینے والے طلبہ پر ہوگا، جبکہ پہلے سے زیرِ تعلیم طلبہ پرانی فیس ہی ادا کریں گے۔
نئے فیصلے کے تحت سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلہ لینے والے طلبہ کو سالانہ35ہزار روپے اضافی فیس ادا کرنا ہوگی۔ اس طرح سالانہ فیس میں233فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔فیسوں میں اضافے سے نئے داخل ہونے والے طلبہ کے تعلیمی اخراجات بڑھ جائیں گے، تاہم گزشتہ سال تک داخلہ لینے والے طلبہ کو اس اضافے سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے اور وہ اپنی تعلیم مکمل ہونے تک سابقہ فیس کے مطابق ادائیگیاں جاری رکھیں گے۔



