پاکستان کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ0.7فیصد اضافہ،ماہانہ بنیادوں پر5فیصد کمی ریکارڈ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان ادارہ شماریات نے بڑی صنعتوں کی پیداوار سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کردیے، جن کے مطابق ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 0.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم ماہانہ بنیادوں پر صنعتی پیداوار 5 فیصد کم ہوگئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق نئے مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی مجموعی پیداوار میں 1.9 فیصد اضافہ ہوا۔ مختلف صنعتی شعبوں کی کارکردگی میں نمایاں فرق دیکھا گیا، جہاں بعض شعبوں نے ترقی کی جبکہ دیگر کو پیداوار میں کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
اعداد و شمار کے مطابق آٹو سیکٹر کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 11.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پیٹرولیم سیکٹر میں 31.9 فیصد اور ملبوسات کی صنعت میں 10.9 فیصد ترقی ہوئی۔
دوسری جانب کیمیکل سیکٹر کی پیداوار میں 12.9 فیصد اور آئرن سیکٹر میں 11.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی صنعتی پیداوار میں اضافے کے باوجود مختلف شعبوں کی کارکردگی یکساں نہیں رہی۔



