بلاول بھٹو سے گورنر کے پی فیصل کنڈی کی ملاقات،اسکول سانحہ اور صوبے کی صورتحال پر بریفنگ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

اعلامیہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کو گورنر فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں ہونے والے اسکول کے سانحے سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ المناک حادثے میں 33 طلباء اور دو اساتذہ جاں بحق ہوئے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ اسکول کے مالک کو ابتدائی تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا کے مطابق انکوائری کمیٹی بنادی ہے جو کل صبح حادثے کی وجوہات اور ذمہ داران کا تعین کرکے رپورٹ دے گی۔

انھوں نے کہا کہ متاثرہ لواحقین کو فی خاندان 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 3 لاکھ روپے امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کو گورنر خیبر پختونخوا نے صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ پولیس اہل کاروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے، پولیس شہدا کے ورثاء میں پلاٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

گورنر خیبر پختونخوا کے مطابق دوران ڈیوٹی زخمی پولیس اہلکاروں کی امداد ایک لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کردی گئی ہے، کوئی پولیس اہلکار خدانخواستہ مستقل معذوری کا شکار ہوجائے تو امداد بڑھا کر 50 لاکھ روپے کردی۔

بلاول بھٹو نے کہا دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے فرنٹ لائن کے جانباز پولیس سپاہیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

انھوں نے کہا خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کا قیام صوبے کی خوش حالی اور ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button