واشک میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی میں دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کرنے کے ساتھ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب ضلع واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران اہلکاروں نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنہ الہندوستان سے بتایا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔ بیان میں پاکستان میں بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔



