پنجاب میں دیہی خواتین کیلئے 3 ارب روپے کا لائیو اسٹاک پروگرام، دوسرے مرحلے کی ای بیلٹنگ شروع

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے دیہی خواتین کی معاشی ترقی اور خودمختاری کے لیے 3 ارب روپے کے لائیو اسٹاک سپورٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے کی ای بیلٹنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مرحلے میں پنجاب بھر کی 3 ہزار 304 دیہی خواتین میں مفت گائیں اور بھینسیں تقسیم کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے 14 اکتوبر کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے ای بیلٹنگ کی۔ حکام کے مطابق اس عمل کو شفاف بنانے کے لیے ڈیجیٹل نظام استعمال کیا گیا۔
لائیو اسٹاک سپورٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے لیے پنجاب بھر سے مجموعی طور پر 75 ہزار 666 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 15 ہزار 396 درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے اعلان کیا کہ مستحق خواتین میں جانوروں کی تقسیم کا عمل 20 اکتوبر سے شروع کیا جائے گا۔
اس پروگرام کا مقصد دیہی خواتین کو مویشی فراہم کرکے ان کے لیے آمدن کے مواقع پیدا کرنا، معاشی خودمختاری کو فروغ دینا اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد دینا ہے۔



