اپنی سرزمین حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے،عراقی وزیراعظم کی سعودی عرب کو یقین دہانی

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) عراقی وزیراعظم علی الزیدی اہم مذاکرات کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ عراق کی سرزمین سعودی عرب پر حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔

ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال، جاری تنازعات اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عراقی وزیراعظم نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

علی الزیدی کا کہنا تھا کہ عراق اور سعودی عرب کے تعلقات خصوصی تزویراتی اہمیت کے حامل ہیں اور دونوں ممالک کے سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے مفادات مشترکہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی سلامتی اور سعودی عرب کا استحکام پورے خلیجی خطے کے امن سے جڑا ہوا ہے۔

عراقی وزیراعظم نے مزید کہا کہ بغداد ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے اور سعودی عرب سمیت تمام ممالک کی خودمختاری کے احترام کے لیے پُرعزم ہے۔ عراق اپنی سرزمین کو کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے بھی پُرعزم ہے۔

ملاقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مختلف شعبوں، بالخصوص سکیورٹی تعاون اور رابطہ کاری میں عراق کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خطے میں استحکام کے لیے عراقی حکومت کی جانب سے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کی حمایت بھی کی۔

واضح رہے کہ علی الزیدی کا عراقی وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون اور علاقائی استحکام کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button