خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی ترقیاتی کونسل کے ارکان کا انتخاب شروع

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں نئے انتظامی نظام کے تحت علاقائی ترقیاتی کونسل کے ارکان کے انتخاب کا عمل شروع ہوگیا ہے، جس کے لیے قبائلی جرگوں اور باہمی مشاورت کا طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مقامی عمائدین کو نمائندگی دینا اور عوامی مسائل کے حل سمیت ترقیاتی ترجیحات کے تعین میں مقامی آبادی کی رائے کو اہمیت دینا ہے۔

انتخابی عمل کے پہلے مرحلے میں 14 اکتوبر کو شمالی وزیرستان، خیبر، بنوں اور ٹل، ضلع کرم میں جرگوں کے ذریعے مشاورتی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا، جبکہ آئندہ دو روز کے دوران دیگر متعلقہ اضلاع میں بھی یہ عمل مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

نئے انتظامی نظام کے تحت باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت اور بنوں میں مقامی افراد جرگہ نظام کے ذریعے علاقائی ترقیاتی کونسل کے ارکان منتخب کریں گے۔

اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف مقامات پر ملک و مشران، علمائے کرام، قبائلی عمائدین اور تاجروں کے ساتھ جرگے منعقد کیے گئے، جن میں امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی، عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاسوں میں مقامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ انتخابی عمل میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ جرگوں اور مشاورتی اجلاسوں کا سلسلہ تمام متعلقہ اضلاع میں ارکان کے انتخاب کی تکمیل تک جاری رہے گا۔ جرگوں میں شریک قبائلی عمائدین نے نئے انتظامی نظام پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری اداروں اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور علاقے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

حکام کے مطابق اس نظام کے ذریعے مقامی روایات اور اجتماعی مشاورت کو انتظامی و ترقیاتی امور سے منسلک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ عوامی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کی جا سکے اور مقامی سطح پر درپیش مسائل کو مؤثر انداز میں متعلقہ حکام تک پہنچایا جا سکے۔

انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد ہر ضلع سے دو قبائلی عمائدین یا ملک منتخب کیے جائیں گے، جبکہ 12 اضلاع کے نمائندوں پر مشتمل علاقائی ترقیاتی کونسل تشکیل دی جائے گی۔ کونسل کے بنیادی فرائض میں مقامی آبادی کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی، عوامی مسائل کے حل کے لیے تجاویز مرتب کرنا اور انتظامی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کو بہتر بنانا شامل ہوگا۔

تمام متعلقہ اضلاع میں ارکان کے انتخاب اور کونسل کی تشکیل کا عمل مکمل ہونے کے بعد علاقائی ترقیاتی کونسل مقامی نمائندگی اور مشاورت کی بنیاد پر اپنے امور انجام دینا شروع کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button