شہباز شریف سے روسی وزیر داخلہ کی ملاقات، تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور روس کے تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کے لیے موجودہ رفتار برقرار رکھنی چاہیے۔
وزیراعظم نے روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات مزید گہرے کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور زور دیا کہ باہمی مفادات کے حصول کے لیے موجودہ دوطرفہ طریقہ کار سے مؤثر انداز میں فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی ترقی سمیت اہم شعبوں میں تعاون وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مستحکم بنانے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی روس کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مختلف کثیرالجہتی فورمز، بالخصوص اقوام متحدہ میں پاکستان کی جانب سے روس کی حمایت کو سراہا۔روسی وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ روابط مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کی آمادگی بھی ظاہر کی۔بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے منظم جرائم کی روک تھام کے لیے پاکستان اور روس کے درمیان تعاون مضبوط بنانے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔



