ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے سری لنکن ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی، انگلینڈ کادستہ جمعہ کو آئےگا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز میں شرکت کے لیے سری لنکا کا ون ڈے اسکواڈ اسلام آباد پہنچ گیا ہے، جبکہ پاکستان کے ون ڈے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی آج رات ٹیم کو جوائن کریں گے۔ انگلینڈ کا 33 رکنی دستہ جمعہ کی صبح پاکستان پہنچے گا، جس کے ون ڈے اسکواڈ میں 16 کھلاڑی شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، سلمان علی آغا، بابر اعظم، حارث رؤف، غازی غوری، سعد بیگ اور فہیم اشرف آج رات اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے ٹریننگ سیشنز کل سہ پہر 4 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوں گے۔ دونوں ٹیمیں 16 اکتوبر کو بھی سہ پہر 4 بجے پریکٹس کریں گی۔
انگلینڈ کی ٹیم 17 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں اسی روز سہ پہر 4 بجے پریکٹس سیشنز میں حصہ لیں گی۔
سیریز سے قبل 17 اکتوبر کو تینوں ٹیموں کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، ہیری بروک اور کوسل مینڈس ٹرافی کی رونمائی کریں گے۔ اس موقع پر تینوں کپتان سیریز کے حوالے سے پریس کانفرنسز بھی کریں گے۔



