مقبوضہ بیت المقدس میں کولمبیاکااسرائیلی سفارتخانہ،فلسطینی وزارت خارجہ کاشدیداحتجاج

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) کولمبیا نے بدھ کے روز مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کے لیے باضابطہ طور پر اپنا سفارت خانہ کھول دیا، جس پر فلسطینی اتھارٹی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو بین الاقوامی قراردادوں اور مقدس شہر کی قانونی حیثیت سے متعلق عالمی اتفاق رائے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اس اقدام کے بعد کولمبیا ان محدود ممالک میں شامل ہوگیا ہے جنہوں نے بیت المقدس میں سفارت خانہ قائم کرکے اسرائیل کے اس شہر پر دعویٰ کردہ اقتدار کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ دنیا کے بیشتر ممالک اسرائیل میں اپنے سفارت خانے تل ابیب میں رکھتے ہیں، کیونکہ ان کے نزدیک بیت المقدس کی حتمی حیثیت کا فیصلہ مسئلہ فلسطین کے جامع حل کے تناظر میں ہونا چاہیے۔اسرائیلی وزیر خارجہ گدعون صاعر نے سفارت خانے کی مہمانوں کی کتاب میں دستخط کرتے ہوئے اس دن کو اسرائیل اور بیت المقدس کے لیے اہم قرار دیا۔کولمبیا کے نئے صدر ابیلارڈو ڈی لا ایسپریلا نے جولائی میں سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ فیصلہ سابق صدر گستاوو پیٹرو کی پالیسی سے مختلف ہے، جنہوں نے 2024 میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاجاً اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔دوسری جانب فلسطینی وزارت خارجہ نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی سفارت خانہ کھولنا بین الاقوامی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق یہ اقدام مقدس شہر کی قانونی حیثیت سے متعلق عالمی اتفاق رائے کو نقصان پہنچانے اور فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق کی پامالی کے مترادف ہے۔

مزید خبریں

Back to top button