جرمنی میں روبوٹ کی 16 سالہ لڑکی سے مبینہ نازیبا حرکتیں، پولیس نے دو مشتبہ افراد کے فون قبضے میں لے لیے

برلن (ویب ڈیسک) جرمنی کے شہر کولون میں ایک روبوٹ کی جانب سے 16 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے واقعے نے شہریوں کو حیران کر دیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے روبوٹ کے مالک اور اس کے ساتھی کے موبائل فون قبضے میں لے لیے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک روبوٹ لڑکی کے قریب پیچھے سے آیا، اسے چھوا اور مبینہ طور پر نازیبا حرکات کرنے لگا۔ روبوٹ کی اس حرکت پر لڑکی چیخ اٹھی اور وہاں سے ہٹ گئی۔

پولیس کے مطابق روبوٹ کا 16 سالہ مالک اور اس کا 19 سالہ ساتھی واقعے کے وقت مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر لائیو نشریات کر رہے تھے۔ حکام نے دونوں مشتبہ افراد کے موبائل فون قبضے میں لے لیے ہیں تاکہ واقعے سے متعلق شواہد کا جائزہ لیا جا سکے۔

تحقیقاتی حکام اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا روبوٹ کی حرکات اتفاقی تھیں یا اسے جان بوجھ کر اس انداز میں کنٹرول کیا گیا۔ واقعے میں روبوٹ کو کنٹرول کرنے والے افراد کے کردار اور لائیو نشریات کی تفصیلات بھی زیرِ تفتیش ہیں۔

پولیس نے سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کیا ہے کہ واقعے سے متعلق بعض تبصرے بھی قانونی کارروائی کا سبب بن سکتے ہیں۔ حکام کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button