امریکا ایران پر زمینی حملے کی جرات نہیں کرے گا، کارروائی تباہ کن ثابت ہوگی، ایرانی جنرل

تہران(ویب ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس کے کمانڈر انچیف کے مشیرِ اعلیٰ بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے کہا ہے کہ امریکا ایران پر زمینی حملہ کرنے کی جرات نہیں کرے گا، کیونکہ ایسی کسی بھی کارروائی کے امریکی فوج کے لیے تباہ کن نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے ایران پر ممکنہ امریکی زمینی حملے سے متعلق قیاس آرائیوں کو امریکی میڈیا کا پروپیگنڈا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ممکنہ حملے کے نتائج سے آگاہ ہے، اسی لیے وہ ایسے اقدام سے گریز کرے گا۔
محمد رضا نقدی نے دعویٰ کیا کہ اگر امریکی فوج نے ایران پر زمینی حملہ کیا تو بڑی تعداد میں امریکی فوجیوں کو گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد رکھتا ہے اور کسی بھی ممکنہ حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایرانی جنرل نے عراق اور افغانستان میں امریکی فوجی مہمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ان جنگوں پر کھربوں ڈالر خرچ کیے، لیکن بالآخر اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے زور دیا کہ ایران کے خلاف زمینی کارروائی امریکا کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ایران پر ممکنہ امریکی زمینی حملے سے متعلق یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اور فوجی کارروائیوں کے امکانات کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ تاہم ایرانی جنرل کے یہ دعوے ان کا مؤقف ہیں، زمینی حملے سے متعلق کسی حتمی امریکی فیصلے کی تصدیق نہیں کرتے۔



