کراچی سمیت ملک بھر میں ہندو برادری کا تہوار نوراتری مذہبی جوش و جذبے سے جاری

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی ہندو برادری اپنا مذہبی تہوار نوراتری مذہبی جوش و جذبے اور خوشیوں کے ساتھ منا رہی ہے، رنگا رنگ ملبوسات، موسیقی پر گربا اور ڈانڈیا رقص نے تقریبات کو دلکش بنا دیا۔
کراچی میں نوراتری کی تقریبات کے دوران خواتین اور لڑکیاں خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں، جبکہ شرکاء روایتی لباس زیب تن کرکے موسیقی کی دھنوں پر گربا اور ڈانڈیا رقص کے ذریعے اپنی خوشیوں کا اظہار کر رہے ہیں۔
ہندو برادری کے افراد کا کہنا ہے کہ انہیں ہر سال نوراتری کے تہوار کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں وہ اپنے مذہبی تہوار آزادی کے ساتھ مناتے ہیں، جو ان کے لیے خوشی اور مسرت کا باعث ہے۔
نوراتری کی تقریبات میں روایتی ثقافت، مذہبی عقیدت اور رنگا رنگ سرگرمیوں کا خوبصورت امتزاج دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ شرکاء تہوار کی مناسبت سے منعقدہ پروگراموں میں بھرپور جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں۔
یہ رنگا رنگ تہوار 20 اکتوبر تک جاری رہے گا، جس کے دوران ہر رات گربا اور ڈانڈیا رقص کی محفلیں سجائی جائیں گی اور ہندو برادری کے افراد اپنی مذہبی روایات کے مطابق خوشیوں کا اظہار کریں گے۔



