روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف کا اسلام آباد پولیس لائنز اور پاکستان مونومنٹ کا دورہ، گارڈ آف آنر پیش

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ اسلام آباد پولیس لائنز اور پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اسلام آباد پولیس لائنز میں روسی وزیر داخلہ نے پولیس کی شاندار پریڈ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر خصوصی دستوں نے انہیں سلامی پیش کی، جبکہ تقریب کے دوران پاکستان اور روس کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
تقریب میں روسی وزیر داخلہ کو پاکستانی پرچم پیش کیا گیا، جسے انہوں نے احتراماً بوسہ دیا۔ ولادیمیر کولاکولتسیف نے اسلام آباد پولیس کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور کارکردگی کو سراہا اور نمایاں خدمات انجام دینے والے اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس سہیل چودھری، ڈپٹی انسپکٹر جنرلز اور پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
بعد ازاں ولادیمیر کولاکولتسیف نے طلال چودھری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی کانسٹیبلری کے مستعد دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ روسی وزیر داخلہ نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھا کر شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران روسی وزیر داخلہ نے شکرپڑیاں سے اسلام آباد اور مارگلہ کے پہاڑی سلسلے کے دلکش مناظر بھی دیکھے اور وفاقی دارالحکومت کے قدرتی حسن کو سراہا۔



