مصطفیٰ عامر قتل کیس کا اسپیڈی ٹرائل مؤخر، سندھ ہائیکورٹ نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ ہائیکورٹ نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کا تیز رفتار ٹرائل شروع کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے دوران ملزمان ارمغان اور شیراز کی جانب سے عدالتی نوٹس وصول نہ کرنے پر عدالت نے حیرت کا اظہار کیا۔
جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ ملزم عدالت کا نوٹس وصول ہی نہیں کر رہا۔ درخواست گزار کے وکیل افتخار شاہ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے دوسری مرتبہ بھی عدالتی نوٹس وصول نہیں کیا۔
سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان کی جانب سے نوٹس وصول نہ کرنے کے علاوہ ٹرائل کورٹ میں جج کی عدم تعیناتی کے باعث بھی مقدمے کی کارروائی آگے نہیں بڑھ رہی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ میں جج کی تعیناتی تک مقدمے کی سماعت ملتوی کی جائے۔ عدالت نے دلائل اور صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ مقتول مصطفیٰ عامر کی والدہ نے مقدمے کے ٹرائل میں تاخیر کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور کیس کی جلد سماعت مکمل کرنے کی استدعا کی تھی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے اپنی رپورٹ میں مقدمے میں تاخیر کا ذمہ دار ملزم ارمغان اور اس کے وکیل کو قرار دیا تھا۔ تاہم سندھ ہائیکورٹ میں اسپیڈی ٹرائل سے متعلق درخواست پر حتمی پیش رفت اب ٹرائل کورٹ میں جج کی تعیناتی اور آئندہ عدالتی کارروائی سے مشروط ہے۔



