کرسٹیانو رونالڈو کی سعودی عرب سے محبت کی ویڈیو وائرل، شرٹ پر قومی علامت کو بوسہ دے دیا

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی سعودی عرب سے اظہارِ محبت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں وہ سعودی عرب کی قومی علامت کو بوسہ دیتے اور میچ کے بعد سعودی پرچم والا اسکارف کندھوں پر ڈالے نظر آئے۔

رونالڈو نے اپنے کیریئر کا 981واں گول اسکور کرتے ہوئے النصر کو اے ایف سی چیمپئنز لیگ ایلیٹ میں ازبکستان کے کلب نیفتچی فرغانہ کے خلاف 1-3 سے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

41 سالہ اسٹار فٹبالر نے میچ سے قبل اپنی شرٹ پر موجود سعودی عرب کی قومی علامت کو بوسہ دیا، جس میں کھجور کا درخت اور دو تلواریں شامل ہیں۔ ان کے اس انداز کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصی توجہ مل رہی ہے۔

میچ کے اختتام پر رونالڈو نے سعودی پرچم والا اسکارف اپنے کندھوں پر ڈالا اور النصر کے شائقین کے ساتھ مشہور ’وائکنگ کلاپ‘ جشن میں بھی حصہ لیا۔

النصر نے اپنے عربی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر رونالڈو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پیغام لکھا: ’’میں پرتگالی ہوں، لیکن میرا تعلق مملکت سعودی عرب سے ہے۔‘‘ یہ الفاظ رونالڈو نے جون 2025 میں اپنے معاہدے میں توسیع کے بعد کہے تھے۔

واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اپنے شاندار فٹبال کیریئر میں 1000 گولز مکمل کرنے کے سنگِ میل کے قریب پہنچ چکے ہیں اور مذکورہ 981ویں گول کے بعد انہیں اس تاریخی ہدف تک پہنچنے کے لیے مزید 19 گول درکار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button