پنجاب میں63ارب5کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری،راولپنڈی رنگ روڈ کےلیے51ارب سے زائد مختص

اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ آر تھری کی بنتھ سے تھلیاں تک تعمیر کے لیے 51 ارب 32 کروڑ 60 لاکھ روپے منظور کیے گئے، جبکہ ضلع خوشاب میں مظفرگڑھ روڈ، جوہرآباد سے چوک گروٹ تک دو رویہ تعمیر کے لیے 3 ارب 72 کروڑ 40 لاکھ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ کے پلانٹ فار پاکستان پروگرام کے نظرثانی شدہ منصوبے کے لیے بھی 8 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں مختلف ترقیاتی سکیموں کے پوزیشن پیپرز کی بھی منظوری دی گئی، جن میں پنگاسیئس اور دیگر قیمتی مچھلیوں کی ہیچری سہولیات کا قیام، وزیراعلیٰ یوتھ انگیجمنٹ پروگرام اور سیف سٹی کچہ ایریا شامل ہیں۔
اجلاس کے دوران پیفٹیک میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) ہب کے قیام اور پنجاب لیگل ایڈ اینڈ اسسٹنس پورٹل کے لیے آسامیوں کی تخلیق سے متعلق پوزیشن پیپرز بھی منظور کیے گئے۔
صنعتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے پنجاب بھر میں صنعتی اخراج کے مؤثر انتظام کی غرض سے اے آئی پر مبنی کاربن مینجمنٹ اینڈ اکاؤنٹنگ پلیٹ فارم کے استعمال کی تجویز منظور کی گئی۔ اس کے علاوہ فیصل آباد، لاہور، ملتان اور سیالکوٹ میں صنعتوں کو ماحول دوست بنانے کے پروگرام سے متعلق پوزیشن پیپر کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں سپارک منصوبے کے تحت پائیداری سے متعلق منصوبہ بندی اور عملی تحقیق کے لیے آسامیوں کی تخلیق کا پوزیشن پیپر بھی منظور کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی، چیف اکانومسٹ، ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔



