خیبرپختونخوا کے معاملات پر وفاق متحرک،وزیراعظم نے11رکنی مانیٹرنگ کمیٹی بنا دی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں حکومتی امور، امن و امان اور انتظامی معاملات کی نگرانی کے لیے 11 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کر دی، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو کمیٹی کا کنوینئر مقرر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی صوبے میں گورننس، امن و امان کی صورتِ حال اور روزمرہ انتظامی امور کا جائزہ لے گی، جبکہ حکومتی معاملات کی نگرانی اور متعلقہ امور میں رابطہ کاری بھی اس کے فرائض میں شامل ہوگی۔کمیٹی میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ امیر مقام، طارق فضل چودھری اور خالد مقبول صدیقی کو بھی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں پاکستان پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کا ایک، ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا۔کمیٹی کے قیام کا مقصد خیبرپختونخوا میں حکومتی کارکردگی، انتظامی امور اور امن و امان کی صورتِ حال کی نگرانی کرنا ہے۔ تاہم کمیٹی کے تمام ارکان کے ناموں اور اس کے طریقۂ کار سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button