پٹرولیم قیمتیں بڑھیں تو روزانہ5روپے اضافہ،کمی صرف75پیسے کیوں؟سنیٹ کمیٹی میں سوال اٹھ گیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین، قیمتوں میں اضافے اور کمی کے طریقہ کار اور فیول سبسڈی اسکیم پر سوالات اٹھا دیے گئے۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر منظور حسین کاکڑ نے کہا کہ قیمت بڑھانے کی باری آئے تو روزانہ 5 روپے اضافہ کردیا جاتا ہے، لیکن کمی کی جائے تو صرف 75 پیسے کم ہوتے ہیں۔

سینیٹر منظور حسین کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا معاملہ زیر بحث آیا۔ اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم نے بتایا کہ قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار واضح کرنا آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی ذمہ داری ہے۔

اوگرا کے ممبر فنانس نے کمیٹی کو بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے عرب گلف پلیٹس کے نرخوں کی رولنگ ایوریج استعمال کی جاتی ہے، جبکہ سات روز کے دوران آنے والے کارگوز کی اوسط نکالی جاتی ہے۔ ان کے مطابق درآمدی تیل کی قیمت میں سمندری نقصانات اور دیگر اخراجات کے علاوہ کسٹم ڈیوٹی بھی شامل ہوتی ہے۔

اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم نے وضاحت کی کہ جنگ کے دوران تیل کی سپلائی مستحکم نہیں تھی اور خطے میں جہاں سے تیل دستیاب تھا، وہاں سے حاصل کیا جارہا تھا۔

اجلاس میں وزیراعظم کی فیول سبسڈی اسکیم کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ اسپیشل سیکریٹری کے مطابق اسکیم 14 ستمبر کو شروع کی گئی تھی، اب تک ایک کروڑ افراد رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جبکہ اسکیم کے تحت 9 ارب روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔

اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے حکام کے رویے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوانِ بالا کی کمیٹی ہے اور اسے بہت معمولی لیا جارہا ہے۔سینیٹر قرۃ العین مری نے بھی حکام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صرف چھ سطروں پر مشتمل جواب دیا گیا ہے اور پیٹرولیم واحد کمیٹی ہے جہاں ارکان کو اپنی اہمیت بتانا پڑتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بورڈ کے ارکان کی تفصیلات فراہم کی جائیں اور یہ بھی بتایا جائے کہ ملازمین کو نکالنے سے کتنی بچت ہوئی۔سینیٹر سعدیہ عباسی نے سرکاری وسائل کے استعمال اور حکومتی مراعات پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملازمین کے چولہے ٹھنڈے کیے جارہے ہیں، جبکہ حکومتی وزرا کے ساتھ بڑے بڑے قافلے چل رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ عوام اور ملازمین کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیا جائے۔سینیٹر منظور حسین کاکڑ نے کہا کہ وہ متعلقہ افراد کے معاملے کو خود دیکھیں گے اور اپنی جانب سے ممکنہ اقدامات کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button