خیبرپختونخوامیں بدامنی کی جعلی ویڈیوز پھیلانے کاالزام،اے آئی تصاویراورپرانی فوٹیج استعمال ہونےکادعویٰ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزارتِ اطلاعات و نشریات نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتِ حال سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی معلومات کو من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس مقصد کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ تصاویر، پرانی فوٹیج اور غیر متعلقہ ویڈیوز استعمال کی جا رہی ہیں۔

وزارتِ اطلاعات سے منسوب بیان کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے بعض مواد میں فیکٹریوں میں آتش زدگی، لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج اور شام میں پیش آنے والے واقعات کی ویڈیوز شامل ہیں، جنہیں مبینہ طور پر غلط سرخیوں اور کیپشنز کے ذریعے خیبرپختونخوا کے حالات سے منسوب کیا جا رہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کے مواد کے ذریعے صوبے میں بدامنی اور افراتفری کا تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔وزارتِ اطلاعات سے منسوب بیان میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ بعض افغان اور بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس، سیاسی مفادات رکھنے والے اکاؤنٹس کے ساتھ مل کر اس بیانیے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔بیان میں اس سرگرمی کو منظم اور مبینہ غیر ملکی سرپرستی میں چلائی جانے والی پروپیگنڈا مہم قرار دیا گیا ہے۔ تاہم ان الزامات اور سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہر ویڈیو کی حقیقت جانچنے کے لیے آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button