لاہور میں خاتون کے ساتھ موٹر سائیکلیں چوری کرنے والا ملزم گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لوئر مال پولیس نے موٹر سائیکلیں چوری کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو خاتون سمیت گرفتار کرلیا، جبکہ ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلی گئیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے چند روز قبل لوئر مال اور نیو انارکلی کے علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کی تھیں۔ ملزم پولیس سے بچنے کے لیے ماسک استعمال کرتا تھا اور واردات کے بعد خاتون کو اپنے ساتھ بٹھا کر موقع سے فرار ہوجاتا تھا۔

ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے پولیس نے 200 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا۔ فوٹیج میں مبینہ ملزم کو موٹر سائیکل میں پٹرول ڈلواتے اور خاتون کو ساتھ لے کر روانہ ہوتے دیکھا گیا، جس کی مدد سے پولیس ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔

پولیس نے کارروائی کے دوران دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چوری شدہ دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ چوری کی دیگر وارداتوں میں ملزمان کے ممکنہ کردار کا بھی پتا لگایا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button