منشیات و اسلحہ کیس، عدالت کا انمول عرف پنکی کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے منشیات اور اسلحہ برآمدگی کے مقدمات میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں لازمی پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

سماعت کے دوران جیل حکام کی جانب سے ملزمہ انمول عرف پنکی اور اس کے شریک ملزمان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، جس پر عدالت نے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر لازمی پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کی ذاتی حاضری بھی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ملزمہ کی عدالت میں حاضری ضروری ہے اور ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمے کی نقول فراہم کرنا ممکن نہیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے مقدمے کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کو رواں سال گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ملزمہ انمول پنکی پر بڑے پیمانے پر منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ گارڈن میں منشیات اور اسلحہ برآمدگی کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button