سابق خاتون اول بدعنوانی اور عطیات کے فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار

کولمبو (ویب ڈیسک) سری لنکا کے سابق صدر مہندا راجا پاکسے کی اہلیہ اور سابق خاتون اول شرانتی راجا پاکسے کو مبینہ بدعنوانی اور عطیات کے فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق شرانتی راجا پاکسے پر الزام ہے کہ انہوں نے خاتون اول کی حیثیت سے اپنے دور میں اپنے خیراتی ادارے کے لیے حاصل ہونے والے عطیات کو مبینہ طور پر غلط طریقے سے استعمال کیا۔
پولیس نے شرانتی راجا پاکسے سے ان کی رہائش گاہ پر پوچھ گچھ کی، جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے جاری تحقیقات کے پیش نظر انہیں ایک ہفتے کے لیے حراست میں رکھنے کا حکم دے دیا۔
تحقیقات کے مطابق ان پر الزام ہے کہ ان کی چیریٹی کو سرکاری اسپتال کے لیے اسکینر خریدنے کی غرض سے اسٹیٹ بینک سے عطیہ کی صورت میں رقم فراہم کی گئی تھی، تاہم مذکورہ فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب بینک کے اُس وقت کے سربراہ کو بھی چیریٹی کو رقم جاری کرنے میں مبینہ طور پر طریقہ کار کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کردیا۔
حکام کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ شرانتی راجا پاکسے پر عائد الزامات کا حتمی فیصلہ عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔



