بھارت طالبان حکومت کو پاکستان کے خلاف دہشتگرد حملوں میں معاونت دے رہا ہے، پاکستانی سفارتکار

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے بھارت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی امداد کی آڑ میں طالبان حکومت کو پاکستان کے خلاف دہشتگرد حملوں کے لیے مبینہ طور پر مادی اور لاجسٹک معاونت فراہم کر رہا ہے۔
پاکستان مستقل مشن کے قونصلر محمد جواد اجمل نے بھارتی نمائندے کے ریمارکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت افغانستان میں موجود اپنے مبینہ پراکسیز کے ذریعے پاکستان مخالف دہشتگرد گروہوں کی فعال معاونت کر رہا ہے۔
محمد جواد اجمل کے مطابق بھارت فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) اور فتنہ الہندوستان (بی ایل اے) جیسے دہشتگرد گروہوں کی مدد اور سرپرستی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے بیرونِ ملک ماورائے علاقائی قتل اور ٹارگٹ کلنگ میں مبینہ کردار سے دنیا آگاہ ہے۔
پاکستانی سفارتکار نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت، عوام اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔
یہ بیان بھارتی نمائندے کے ریمارکس کے جواب میں سامنے آیا، جس میں پاکستان نے افغانستان میں مبینہ بھارتی سرگرمیوں اور پاکستان مخالف عناصر کی معاونت پر اپنا مؤقف پیش کیا۔



