کرک میں مسلح افراد کی پولیس پر فائرنگ، ایس ایچ او سمیت 2 اہلکار شہید

کرک(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں مسلح افراد کی پولیس پر فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نیو کڑپہ کے مقام پر مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ بانڈہ داؤد شاہ داؤد خان اور ان کے گن مین فرہاد شہید ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک عمران خان مزید پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
پولیس نے فائرنگ میں ملوث مسلح ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں اور واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔



