شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 کمانڈرز سمیت 9 خوارج ہلاک

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 اہم کمانڈرز سمیت 9 خوارج ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقوں پلنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی میں ہلاک ہونے والے اہم دہشتگرد کمانڈرز میں خارجی خالد رضا، خارجی کامران، خارجی موسیٰ اور خارجی مفتوم شامل ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مؤثر کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عزمِ استحکام ویژن کے تحت جاری کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا گیا، جبکہ علاقے میں ممکنہ دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔



