برطانیہ میں ایک ہزار سال پرانے جذام کے ہسپتال کے آثار دریافت، ماہرین حیران

لنکن (جانو ڈاٹ پی کے) برطانیہ کے شہر لنکن میں ایک معروف تفریحی مقام کے نیچے تقریباً ایک ہزار سال قدیم قرونِ وسطیٰ کے جذام کے ہسپتال کے آثار دریافت ہوگئے، جسے ماہرین آثارِ قدیمہ نے اہم تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ماہرین آثارِ قدیمہ کی ٹائم ٹیم نے کھدائی کے دوران ہاسپٹل آف دی ہولی انوسینٹس کی دیواروں اور دیگر باقیات دریافت کیں۔ یہ کارروائی تین سالہ ’ہِڈن ہسٹریز اَن ارتھڈ‘ منصوبے کے آغاز کے سلسلے میں کی گئی۔

محققین کا کہنا ہے کہ یہ ہسپتال ممکنہ طور پر 11ویں صدی کے اواخر یا 12ویں صدی کے اوائل میں قائم کیا گیا تھا اور تقریباً پانچ صدیوں تک استعمال میں رہا۔

تاریخی شواہد کے مطابق ہسپتال میں بیک وقت تقریباً 10 سے 20 مریضوں کی رہائش اور دیکھ بھال کی گنجائش موجود تھی۔ قرونِ وسطیٰ میں جذام ایک عام اور انتہائی خوفناک بیماری سمجھی جاتی تھی، جس کے باعث متاثرہ افراد کو خصوصی نگہداشت کی ضرورت پیش آتی تھی۔

ماہرین آثارِ قدیمہ کے مطابق دریافت ہونے والی باقیات انگلینڈ میں قرونِ وسطیٰ کے قدیم اور بڑے جذام کے ہسپتالوں میں سے ایک کی موجودگی کے شواہد فراہم کرتی ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے نہ صرف اس دور کے طبی اور سماجی حالات کو سمجھنے میں مدد ملے گی بلکہ جذام کے مریضوں کی دیکھ بھال، رہائش اور علاج کے اُس وقت کے نظام سے متعلق بھی اہم معلومات سامنے آسکتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button