عمران خان کے کزن قاسم زمان کی30روزہ نظر بندی کے احکامات جاری

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کزن قاسم زمان کی 30 روزہ نظر بندی کے احکامات جاری کردیئے گئے۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے قاسم زمان کی نظر بندی کے احکامات 3 ایم پی او کے تحت جاری کیے، جبکہ یہ کارروائی سی پی او راولپنڈی کی درخواست پر عمل میں لائی گئی۔
حکم نامے کے مطابق تھانہ صدر بیرونی کے ایس ایچ او کی رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ قاسم زمان مبینہ طور پر غیر قانونی اجتماعات، تقاریر اور ممنوعہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔ ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی نے بھی پولیس کی رپورٹ سے اتفاق کیا۔پولیس نے قاسم زمان کو اڈیالہ جیل حکام کے حوالے کردیا ہے، جبکہ انہیں اٹک جیل منتقل کیے جانے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔قاسم زمان کو آج ہی راولپنڈی میں پولیس نے حراست میں لیا تھا، جس کے بعد ان کی 30 روزہ نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے۔



