آزاد کشمیر اسمبلی قائم،اب مسائل مشاورت سے حل ہوں گے،شہبازشریف کادوٹوک اعلان

 مظفرآباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی وجود میں آچکی ہے، اب عوامی مسائل کو باہمی تعاون، مشاورت اور آئینی طریقہ کار کے تحت حل کیا جائے گا۔

مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر کونسل کے نئے ارکان کی حلف برداری کی تقریب ہوئی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے نومنتخب کونسل ارکان سے حلف لیا۔ تقریب میں صدر آزاد کشمیر محمد نجیب نقی، وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور وفاقی کابینہ کے ارکان سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے نومنتخب ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کونسل آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے اور بطور چیئرمین وہ اس رابطے کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر پر زور دیا کہ عوام کی خوشحالی اور خطے کی ترقی کیلئے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔ وزیراعظم نے آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے تاریخی کردار ادا کیا، جبکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں حالیہ مہینوں کے دوران پیش آنے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے احتجاج کرنے والے عناصر کو سنجیدگی سے قائل کرنے کی کوشش کی، تاہم موجودہ صورتحال میں قانون نے اپنا راستہ اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ آزاد کشمیر اسمبلی قائم ہوچکی ہے، اس لیے اسمبلی قانون سازی کرے گی تو سب اس کا احترام کریں گے۔ عوامی مسائل کا حل محاذ آرائی کے بجائے باہمی تعاون اور مشاورت سے تلاش کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے مطابق بیرونی اشاروں پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے مفاد کے خلاف سرگرم عناصر کے خلاف کارروائی کرنا حکومت کی ذمہ داری تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی معاملات میں قانون اور آئینی عمل کی پاسداری ضروری ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے ’’معرکۂ حق‘‘ کے دوران دشمن کو تاریخی سبق سکھایا۔

مزید خبریں

Back to top button