محسن نقوی کا جناح ایئرپورٹ کا دورہ، مسافروں کو سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کرتے ہوئے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کے امیگریشن عمل اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ پر موجود مسافروں سے ملاقات کی اور ان سے امیگریشن کے طریقہ کار اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ محسن نقوی نے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات بھی چیک کیں اور موقع پر موجود ایف آئی اے حکام سے ان کی تصدیق کرائی۔
محسن نقوی نے امیگریشن ٹیم کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاؤنٹرز پر اضافی عملہ تعینات کرنے سے مسافروں کو درپیش طویل قطاروں کا مسئلہ ختم ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیر نے ایئرپورٹ امیگریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اکبر کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے ہدایت کی کہ مسافروں کو امیگریشن کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور عملے کی جانب سے مسافروں کے ساتھ مناسب رویہ یقینی بنایا جائے۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ نامکمل یا غیر تصدیق شدہ سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو کسی صورت بیرونِ ملک سفر کی اجازت نہ دی جائے، جبکہ قانونی تقاضوں اور امیگریشن قواعد پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔



