ایران جوہری ہتھیار حاصل کرے تو عالمی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہوگا، مارکو روبیو

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کے جوہری پروگرام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار حاصل کر لیا تو وہ آبنائے ہرمز اور عالمی توانائی کی رسد کو دباؤ کے لیے استعمال کرسکتا ہے۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل جاری ہے اور خطے سے گزرنے والے تیل کی مقدار جنگ سے قبل کی سطح کے قریب پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مؤقف کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیا جائے گا۔

روبیو نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار آنے کی صورت میں تہران آبنائے ہرمز پر زیادہ اثر و رسوخ حاصل کرکے عالمی توانائی کی ترسیل کو متاثر کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں ایران یہ طے کرنے کی پوزیشن میں آسکتا ہے کہ کن ممالک کو توانائی کی فراہمی جاری رکھی جائے۔

امریکی وزیر خارجہ نے ایران کے نظام حکومت اور علاقائی پالیسیوں پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران پابندیوں سے حاصل ہونے والی معاشی گنجائش کو عوام کی فلاح کے بجائے ہتھیاروں اور خطے میں اپنے اتحادی گروہوں کی حمایت کے لیے استعمال کرتا ہے۔ یہ مؤقف امریکی حکام پہلے بھی ایران کے حوالے سے بیان کرتے رہے ہیں۔

روبیو نے ایران پر حزب اللہ، حماس اور عراق میں مسلح گروہوں کی معاونت کے الزامات بھی عائد کیے۔ ایران ان امریکی الزامات اور اپنی علاقائی پالیسی سے متعلق واشنگٹن کے مؤقف کی مخالفت کرتا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button