مراکشی فٹبالر اشرف حکیمی کی مشکلات میں اضافہ،فرانس کی اعلیٰ ترین عدالت نے مبینہ زیادتی کیس میں اپیل مسترد کر دی

پیرس (جانوڈاٹ پی کے)فرانسیسی فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین (PSG) اور مراکش کی قومی ٹیم کے 27 سالہ ستارے اشرف حکیمی کی قانونی مشکلات میں شدید اضافہ ہو گیا ہے! فرانس کی اعلیٰ ترین عدالت کورٹ آف کیسِیشن نے مبینہ زیادتی کے کیس میں ان کی آخری قانونی اپیل بھی مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف فوجداری عدالت میں ٹرائل چلانے کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق، یہ کیس 2023 میں ایک خاتون کی جانب سے لگائے گئے مبینہ زیادتی کے الزام سے متعلق ہے، جس کی اشرف حکیمی مسلسل تردید کرتے آئے ہیں۔ رواں برس فروری اور جون میں فرانسیسی عدالتوں نے انہیں فوجداری عدالت میں مقدمے کا سامنا کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف حکیمی نے اعلیٰ ترین عدالت سے رجوع کیا تھا جو کہ ان کا آخری قانونی راستہ تھا۔ بدھ کے روز فیصلے کے بعد اب انہیں باقاعدہ طور پر ٹرائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مدعیہ کے وکیل کے مطابق تقریباً ساڑھے تین سال سے جاری اس قانونی جنگ میں ان کی مؤکلہ مکمل انصاف کے حصول تک لڑائی جاری رکھیں گی۔



