وائٹ ہاؤس کا ’ٹرمپ ٹی وی‘ لانچ،24گھنٹے نشریات شروع

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اور بڑے میڈیا اداروں کے درمیان جاری تنازع کے دوران وائٹ ہاؤس نے یوٹیوب پر ’TRUMP TV: The Essentials Station‘** کے نام سے 24 گھنٹے چلنے والا ڈیجیٹل چینل لانچ کردیا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق نئے پلیٹ فارم پر صدر ٹرمپ کی تقاریر، انتظامیہ کے اعلانات، اہم ویڈیوز اور دیگر سرکاری مواد نشر کیا جائے گا، جبکہ چینل کو ریئل ٹائم بنیادوں پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ’ٹرمپ ٹی وی‘ کے ذریعے انتظامیہ کے اہم لمحات، صدر کے بیانات اور نمایاں ویڈیوز ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔ یہ نشریات یوٹیوب کے علاوہ وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر بھی دیکھی جا سکیں گی۔

نئے چینل کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ اور بعض بڑے میڈیا اداروں کے درمیان وائٹ ہاؤس میں صحافتی رسائی کے معاملے پر تنازع جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق CNN، MS NOW اور Politicoسے وابستہ صحافیوں کی وائٹ ہاؤس تک رسائی محدود کیے جانے کے بعد تینوں اداروں نے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ ان اداروں کا مؤقف ہے کہ رسائی روکنے کا اقدام امریکی آئین میں آزادیٔ صحافت سے متعلق تحفظات کی خلاف ورزی ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا مؤقف ہے کہ میڈیا اداروں کو وائٹ ہاؤس کے پریس پول یا مخصوص مقامات تک مستقل رسائی کا قانونی حق حاصل نہیں۔

تنازع کے دوران امریکا کے بڑے ٹی وی نیٹ ورکس نے بھی وائٹ ہاؤس کے مشترکہ ٹی وی پریس پول میں اپنی شرکت معطل کردی۔ اس نظام کے تحت مختلف نشریاتی ادارے صدر کی تقریبات کی ویڈیو بنا کر دیگر میڈیا اداروں کو فراہم کرتے ہیں۔

نئے ڈیجیٹل چینل کی ابتدائی نشریات میں صدر ٹرمپ کی سابقہ تقاریر اور انتظامیہ سے متعلق پرانی ویڈیوز بھی شامل کی گئیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق نئے پلیٹ فارم کا مقصد صدر اور انتظامیہ سے متعلق اہم مواد براہِ راست عوام تک پہنچانا ہے۔

 

مزید خبریں

Back to top button