وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کوہاٹ دورہ، شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات، متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کا اعلان

کوہاٹ (جانوڈاٹ پی کے \ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع کوہاٹ کا دورہ کیا اور پولیس لائنز دھماکے میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے پولیس، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ریسکیو 1122، ڈاکٹرز، ضلعی انتظامیہ اور کوہاٹ کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف تقریباً 20 گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور دیگر اداروں نے بہادری کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں نے ملک و قوم کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا 2004 سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا سامنا کر رہا ہے اور اس دوران ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے افغانستان کے ساتھ تعلقات اور سرحدی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے موجودہ پالیسی کو دہشت گردی میں اضافے کی ایک وجہ قرار دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ 22 سال سے ایک ہی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، تاہم اگر کسی پالیسی کے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہوں تو اس میں تبدیلی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی تجویز کردہ پالیسی کسی سیاسی جماعت کے فائدے کے لیے نہیں بلکہ صوبے اور ملک کے عوام کے مفاد میں ہے اور اس پر عملدرآمد سے 100 دن میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی اداروں اور وفاقی حکومت کی توجہ دہشت گردی کے خاتمے کے بجائے پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی سرگرمیوں کو محدود کرنے پر مرکوز ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور پولیس دہشت گردی کے خلاف مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں، اس لیے صوبے کو ہی خطرے کے طور پر پیش کرنا افسوسناک ہے۔

محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اے ڈی پی سے ہٹ کر 35 ارب روپے اضافی فراہم کیے جبکہ پولیس کا بجٹ تقریباً 81 ارب سے بڑھا کر 190 ارب روپے کردیا گیا ہے۔ ان کے مطابق امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ایسے شہداء کے خاندان بھی مالی معاونت حاصل کریں گے جو حکومتی شہداء پیکیج کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔ انہوں نے کوہاٹ واقعے میں متاثرہ مسجد کی تعمیر نو اور کوہاٹ اسپیشل برانچ کے لیے پولیس اسٹیشن کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کوہاٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سی ٹی اسکین، ایم آر آئی سمیت جدید طبی آلات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی ری ویمپنگ جاری ہے۔

محمد سہیل آفریدی نے کوہاٹ میں ایک ہزار بستروں کے ہسپتال کے منصوبے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اسے صوبائی حکومت اپنے وسائل سے مکمل کرے گی، جبکہ منصوبے کو تقریباً 6 ماہ میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے دھماکے سے متاثرہ عمارتوں کی بحالی اور تعمیر نو کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے پولیس نفری میں کمی کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ صوبائی کابینہ کے سامنے رکھنے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی، صوبائی وزراء شفیع جان اور آفتاب عالم جبکہ رکن صوبائی اسمبلی داؤد آفریدی بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button