کراچی میں مختلف پولیس مقابلے، 4 ملزمان ہلاک، 6 گرفتار

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے مبینہ مقابلوں کے دوران 4 ملزمان ہلاک جبکہ 4 زخمیوں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران ہلاک اور گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ سامان اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق منگھو پیر کے علاقے غازی گوٹھ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کی۔ پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بی ایل ایف سے بتایا جاتا ہے اور وہ کراچی میں بڑی تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ہلاک ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اے وی ایل سی جمشید ڈویژن پولیس کے گلشن اقبال نظارت کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا۔

لیاقت آباد پولیس کے مطابق تین ہٹی کے قریب بھی دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہا، جس کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ شب شاہین فورس گلبرگ کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران زخمی حالت میں فرار ہونے والے ملزم کو عباسی شہید ہسپتال سے گرفتار کرلیا گیا۔ نارتھ ناظم آباد پولیس نے ریلوے پھاٹک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

شاہ لطیف پولیس نے مبینہ دوطرفہ فائرنگ کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس پر بچی کے ساتھ نازیبا حرکات کا الزام ہے۔

ادھر سرجانی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے ملزم کو گرفتار کرلیا جس پر راہگیر خاتون کے ساتھ نازیبا حرکات کا الزام ہے۔

پولیس کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد گرفتار اور ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ سامان اور موٹر سائیکلیں برآمد کرکے متعلقہ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button