باب المندب اور ہرمز میں کشیدگی، پاکستان نے عالمی برادری کو خبردار کردیا

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں حوثی حملوں اور تجارتی جہازرانی میں خلل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور بحری راستوں پر محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقل نمائندے عاصم افتخار نے کہا کہ باب المندب کے اطراف حوثیوں کی جانب سے حملوں میں اضافہ اور تجارتی جہازرانی کو لاحق خطرات خطے کے امن و استحکام کے ساتھ عالمی تجارت اور توانائی کی سلامتی کے لیے بھی تشویش کا باعث ہیں۔

عاصم افتخار نے تجارتی جہازوں پر حملوں اور بحری آمدورفت میں رکاوٹ پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باب المندب اور آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے اہم بحری گزرگاہیں ہیں۔ ان راستوں میں رکاوٹ عالمی سپلائی چین، توانائی اور غذائی تحفظ پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔

پاکستانی نمائندے نے کہا کہ عالمی جہازرانی کو علاقائی تنازعات اور کشیدگی کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہیے اور تمام فریقوں کو بین الاقوامی قانون کے تحت بحری جہازوں، عملے اور تجارتی راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔

انہوں نے کشیدگی کم کرنے اور وسیع تر علاقائی استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کی حمایت جاری رکھے گا۔

عاصم افتخار نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ اقوام متحدہ کی حالیہ کارروائیوں میں پاکستان نے سعودی عرب پر حوثی حملوں اور تجارتی جہازرانی کو لاحق خطرات کی بھی مذمت کی ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق باب المندب اور بحیرہ احمر میں کشیدگی کے ساتھ آبنائے ہرمز میں جاری رکاوٹوں نے عالمی تجارت، توانائی اور غذائی سپلائی کے حوالے سے خدشات میں اضافہ کیا ہے، جبکہ اقوام متحدہ نے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ مزید کشیدگی سے گریز اور بحری آمدورفت کی آزادی کا احترام کریں۔

مزید خبریں

Back to top button