27ستمبر لانگ مارچ،پنجاب پولیس کی بڑے پیمانے پر سکیورٹی تیاریاں،45ہزار سے زائد اہلکار تعینات کرنے کا پلان

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)27ستمبر کو متوقع سیاسی جماعت کے لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پنجاب پولیس نے بڑے پیمانے پر سکیورٹی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب سے 45 ہزار سے زائد افسران و اہلکار مختلف مقامات پر سکیورٹی ڈیوٹیاں انجام دیں گے، جبکہ 27 ستمبر کی لانگ مارچ کال کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 8 ڈی آئی جیز اور 15 ایس ایس پیز سمیت تقریباً 30 ہزار افسران و اہلکار اٹک میں تعینات کیے جائیں گے، جبکہ 6 ہزار اہلکار راولپنڈی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
ذرائع کے مطابق مزید 10 سے 12 ہزار اہلکار اسلام آباد پولیس کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔ اٹک کے اہم داخلی راستوں پر بھی سکیورٹی اقدامات بڑھائے جا رہے ہیں۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق اٹک کے اہم کراسنگ پوائنٹس پر اضافی سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق اضافی نفری کی نقل و حرکت اور تعیناتی کے لیے تقریباً 8 کروڑ 90 لاکھ روپے کے فنڈز بھی جاری کیے گئے ہیں۔اضافی نفری پنجاب کانسٹیبلری، ضلعی پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول، اسپیشل پروٹیکشن یونٹ اور ایلیٹ فورس سمیت مختلف پولیس یونٹس سے فراہم کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اضافی نفری کی متعلقہ ڈیوٹی پوائنٹس پر روانگی 22 ستمبر سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب 27 ستمبر کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی سکیورٹی اور روٹ مینجمنٹ کے انتظامات تیز کیے گئے ہیں، جبکہ مختلف داخلی راستوں پر اضافی اقدامات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔



