ژوب سینٹرل جیل سے جعلی عدالتی احکامات پر دو قیدی فرار

ژوب(جانوڈاٹ پی کے)ژوب سینٹرل جیل سے رہائی کے جعلی عدالتی احکامات کے ذریعے دو قیدی فرار ہوگئے۔

جیل حکام کے مطابق اس معاملے پر تحقیقات مکمل ہونے کے بعد دونوں قیدیوں اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ سپرٹنڈنٹ جیل ژوب سمیت تین اہلکاروں کو معطل بھی کر دیا گیا ہے۔

محکمہ جیل کے حکام کے مطابق عبدالسلام اور امان اللہ نامی دو مجرمان منشیات کے مقدمات میں ژوب جیل میں 25، 25 سال قید کی سزا کاٹ رہے تھے جنہیں 30 مئی کو جعلی عدالتی احکامات پر رہا کیا گیا۔

جیل حکام کے مطابق جعلی رہائی کے احکامات مغرب کے وقت ایک نامعلوم شخص نے جیل کے گیٹ پر تعینات اہلکار کے حوالے کیے جس پر غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمل درآمد کرلیا گیا۔

غیر قانونی طور پر رہا ہونے والے دونوں مجرموں اور نامعلوم سہولت کاروں کے خلاف سٹی پولیس اسٹیشن ژوب میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق کیس کرائمز برانچ کے سپرد  کرکے مفرور مجرموں کی دوبارہ گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button