اسکول کرکٹ کا دائرہ ملک بھر تک پھیلانے کا فیصلہ، پی سی بی کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی ہدایت پر اسکول کرکٹ کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلانے کا فیصلہ کرلیا گیا، جس کا مقصد اسکول کی سطح سے نئے کرکٹ ٹیلنٹ کو تلاش کرکے قومی سطح تک لانا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسکول کرکٹ کے ذریعے نئے کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز کے دوسرے سیزن کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پروگرام کا افتتاحی میچ بیکن ہاؤس اور ایچیسن کالج کی ٹیموں کے درمیان ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ میچ کا آغاز دوپہر 2 بجے ہوگا۔

افتتاحی تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق افتتاحی میچ کے بعد شائقین کے لیے میوزیکل کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

افتتاحی میچ اور میوزیکل کنسرٹ میں شرکت کے لیے شائقین کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت رکھا گیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسکول کرکٹ پروگرام کو ملک کے مختلف علاقوں تک وسعت دینے سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مزید مواقع ملیں گے اور مستقبل کے لیے ٹیلنٹ تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں

Back to top button