ایشین گیمز: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کل تھائی لینڈ کے مدمقابل، کوارٹر فائنل میں بڑا مقابلہ

ایچی(جانو ڈاٹ پی کے) ایشین گیمز 2026 میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کل 17 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میچ کھیلے گی۔ فاطمہ ثنا کی قیادت میں قومی ٹیم براہِ راست کوارٹر فائنل مرحلے میں شامل ہوئی ہے۔
پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان مقابلہ جاپان کے کوروجی ایتھلیٹک پارک، ایچی میں ہوگا۔ پاکستان اس سے قبل 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں خواتین کی کرکٹ کے گولڈ میڈلز جیت چکا ہے، جبکہ 2022 کے ایڈیشن میں ٹیم چوتھے نمبر پر رہی تھی۔
پاکستانی ٹیم حال ہی میں ایشیا کپ میں بھی تھائی لینڈ کا سامنا کرچکی ہے، جہاں یکم ستمبر کو پاکستان نے تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں منیبہ علی نے 54 رنز بنائے جبکہ سعدیہ اقبال نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
ایشین گیمز میں خواتین کی کرکٹ کے مقابلے 17 سے 22 ستمبر تک جاری رہیں گے۔ کوارٹر فائنلز کے بعد سیمی فائنلز 20 ستمبر جبکہ کانسی اور گولڈ میڈل کے مقابلے 22 ستمبر کو ہوں گے۔
پاکستانی دستے کی دیگر کھیلوں میں سرگرمیاں
ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب 19 ستمبر کو شیڈول ہے، تاہم بعض کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز اس سے قبل ہی ہوگیا ہے۔ پاکستانی دستے کے کھلاڑی مختلف کھیلوں میں ایکشن میں ہیں جبکہ ٹرائی تھلون ٹیم نے جاپان میں اپنا ابتدائی تربیتی سیشن بھی مکمل کرلیا ہے۔
ٹرائی تھلون میں پاکستان پہلی مرتبہ ایشین گیمز میں شرکت کررہا ہے۔ ٹیم کے کوچ عبدالغفار گجر کے مطابق کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور ابتدائی ٹریننگ سیشن اچھا رہا۔
پاکستان کی ٹرائی تھلون ٹیم میں انیشہ، ثنا عارف، موحد صادق، محمد مستغیث نور اور علی حسن شامل ہیں، جبکہ عبدالغفار گجر کوچ اور اصغر علی ٹیم مینیجر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
کوچ عبدالغفار گجر کے مطابق ٹیم میں بہترین دستیاب کھلاڑی شامل ہیں اور قومی دستہ ٹرائی تھلون ایونٹ میں بہتر نتائج دینے کی کوشش کرے گا۔



