ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم اور سعود شکیل کی ترقی، شان مسعود بھی آگے آگئے

دبئی(جانو ڈاٹ پی کے) انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو 3-0 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ایجبسٹن ٹیسٹ میں بعض پاکستانی بیٹرز کی انفرادی کارکردگی کے باعث تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں نمایاں تبدیلیاں ہوئی ہیں۔
ایجبسٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 103 گیندوں پر 76 رنز بنانے والے بابر اعظم 2 درجے ترقی کے بعد ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں 13ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے بھی 2 درجے بہتری حاصل کی اور 16ویں پوزیشن پر آگئے۔ سعود شکیل نے تیسرے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بالترتیب 43 اور 29 رنز بنائے تھے۔
سابق کپتان شان مسعود نے بھی رینکنگ میں 4 درجے بہتری حاصل کی اور 37ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ انہوں نے ایجبسٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 95 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے رضا اللہ بھی رینکنگ میں شامل ہوگئے ہیں اور 91ویں پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے دوسری اننگز میں صرف 63 گیندوں پر 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 9 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
دوسری جانب عبداللہ شفیق کی رینکنگ میں 11 درجے تنزلی ہوئی اور وہ 46ویں نمبر پر آگئے۔ محمد رضوان ایک درجے تنزلی کے بعد 34ویں جبکہ سلمان علی آغا ایک درجے نیچے آکر 44ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔



