مکہ مکرمہ پرحملہ پورے عالم اسلام پرحملہ تصور ہوگا،مولانافضل الرحمان

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ پر حوثیوں کا حملہ پورے عالم اسلام پر حملہ تصور ہوگا، مکہ مکرمہ صرف ایک شہر نہیں بلکہ کروڑوں مسلمانوں کی عقیدتوں کا مرکز ہے۔

اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر مکہ مکرمہ پر حملہ ہوا تو حملہ آور عالم اسلام کے غیض و غضب سے نہیں بچ سکیں گے، امت مسلمہ ایسے حملے کا بھرپور جواب دے گی اور سعودی عرب کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک بالخصوص پاکستان کو اس نازک اور مشکل وقت میں سعودی عرب اور حرم مکی کے تحفظ کے لیے صف اول کا کردار ادا کرنا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کے حوالے سے اپنی واضح پالیسی کا فوری اعلان کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو درپیش مسلسل چیلنجز کے باعث ایک مضبوط اور مؤثر اسلامی بلاک کے قیام کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے لاکھوں کارکن سعودی عرب پر حملے کے دکھ اور درد میں شریک ہیں۔ ان کے مطابق سعودی عرب پر حملے نے امریکہ اور مغربی دنیا کے دوغلے رویے کو ایک بار پھر بے نقاب کردیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی حکام کے مطابق 15 ستمبر کو مکہ مکرمہ کے جنوب میں ایک ڈرون کو سعودی فضائی دفاع نے مار گرایا تھا، جو ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل تباہ کردیا گیا۔ سعودی زیرقیادت اتحاد نے اسے مکہ کو نشانہ بنانے کی دوسری کوشش قرار دیا ہے، جبکہ حوثیوں نے مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کے الزام کی تردید کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button