سرکاری ملازمین کی بیرون ملک چھٹیوں پر سخت نگرانی، ایف آئی اے نے نظام ڈیجیٹل کردیا

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) حج، عمرہ یا سیروتفریح کے لیے بیرون ملک جانے والے سرکاری ملازمین کی ایکس پاکستان رخصتوں کی سخت جانچ پڑتال کا فیصلہ کرلیا گیا، ایف آئی اے نے نگرانی کا نظام ڈیجیٹل کردیا۔
ذرائع کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت سرکاری ملازمین کے لیے جاری کیے جانے والے ای این او سی پر کیو آر کوڈ موجود ہوگا، جسے ایئرپورٹ پر اسکین کرکے این او سی کی تصدیق کی جائے گی۔ اس اقدام سے جعلی، غیر مستند یا مشکوک این او سی کی فوری نشاندہی ممکن ہوسکے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا نظام ابتدائی طور پر ایف آئی اے کے ہولڈنگ ڈیپارٹمنٹ میں نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ مرحلہ وار دیگر سرکاری محکموں کو بھی اس ڈیجیٹل نظام میں شامل کیا جائے گا۔
نئے نظام کے تحت تمام سرکاری ملازمین کے ایکس پاکستان سفر کی نگرانی کی جائے گی، جبکہ حج یا عمرہ کے لیے حاصل کی گئی رخصت کے دوران کسی دوسرے ملک کا سفر کرنے والے ملازمین بھی نگرانی کے دائرے میں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق حج و عمرہ کے نام پر چھٹی لے کر بیرون ملک دیگر مقاصد کے لیے جانے والے ملازمین کے خلاف بھی کارروائی ہوسکے گی، جس سے سرکاری رخصتوں کے غلط استعمال کی روک تھام میں مدد ملے گی۔



