لاہور میں 3 بڑے عالمی ایونٹس، 15 کروڑ ڈالر سے زائد کاروباری سرگرمی متوقع

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور ایکسپو سینٹر میں فوڈ ایشیا، انٹرنیشنل انڈسٹری ایکسپو اور بیوٹی ایشیا کے تین اہم عالمی ایونٹس 12 سے 14 ستمبر تک منعقد ہوں گے، جن میں عالمی اور مقامی کاروباری نمائندے تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کے مواقع تلاش کریں گے۔
ای کامرس گیٹ وے، ایس آئی ایف سی کی اسٹریٹجک شراکت داری سے ہونے والے ان تینوں ایونٹس میں 50 ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے، جبکہ 15 کروڑ ڈالر سے زائد کاروباری سرگرمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ان عالمی نمائشوں کا مقصد پاکستانی صنعت کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی حل سے مقامی کاروباری طبقے کو متعارف کرانا ہے۔
انٹرنیشنل انڈسٹری ایکسپو میں جدید مشینری، خام مال، آٹومیشن، پیکیجنگ ٹیکنالوجی اور ری سائیکلنگ سلوشنز پیش کیے جائیں گے، جس سے کاروباری نمائندوں کو صنعتی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور حل سے آگاہی حاصل ہوگی۔
13ویں بیوٹی ایشیا میں کاسمیٹکس، اسکن کیئر، ڈرماٹولوجی، ایستھیٹکس، ویلنس اور بیوٹی ٹیکنالوجی کے شعبوں کو نمایاں کیا جائے گا۔
اسی طرح 20ویں فوڈ ایشیا نمائش میں عالمی کمپنیاں فوڈ اجزا، جدید مشینری، پیکیجنگ، فوڈ ٹیکنالوجی اور تیار شدہ مصنوعات متعارف کرائیں گی، جس سے ملکی و غیر ملکی کاروباری اداروں کے درمیان تجارتی روابط مزید فروغ پانے کی توقع ہے۔



