ڈکیتی مزاحمت کی جھوٹی کال نے ڈاکو کا بھانڈا پھوڑ دیا، پولیس کی تفتیش میں حقیقت سامنے آگئی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) لاہور میں پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے مبینہ ڈاکو نے خود کو مظلوم ظاہر کرنے کے لیے ڈکیتی مزاحمت میں گولی لگنے کی کال کردی، تاہم پولیس کی تفتیش کے دوران اس کا دعویٰ بے نقاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق راوی روڈ پر ناکہ توڑ کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی ہوگیا، جبکہ ڈاکوؤں کا تعاقب کرتے ہوئے دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے لاہور کے تمام ڈویژن میں ناکہ بندی کردی۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم کو فرار ہونے کا راستہ نہ ملا تو اس نے خود کو مظلوم شہری ظاہر کرتے ہوئے ڈکیتی مزاحمت کے دوران گولی لگنے کی کال کردی۔
پولیس نے واقعے کی تفصیلات جاننے کے لیے زخمی شخص سے پوچھ گچھ کی تو معاملہ کھل گیا۔ دوران تفتیش مبینہ طور پر انکشاف ہوا کہ زخمی شخص کوئی متاثرہ شہری نہیں بلکہ ڈکیتی کی واردات میں ملوث تھا۔
پولیس نے زخمی مبینہ ڈاکو کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ ملزم کے فرار ہونے والے ساتھی کی تلاش بھی جاری ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اس کا دوسرا ساتھی زخمی حالت میں اسے چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا، جبکہ پولیس سے بچنے اور علاج کی غرض سے اس نے ڈکیتی مزاحمت کا جھوٹا دعویٰ کیا۔
واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے اور فرار ہونے والے مبینہ ساتھی کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔



