اردن میں ایرانی میزائل حملہ، 8 امریکی ایف 15 طیاروں کو نقصان

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں قائم امریکی موافق السلطی ایئربیس پر ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں متعدد امریکی جنگی طیاروں کو نقصان پہنچا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی صبح ہونے والے ایرانی حملے میں تقریباً 8 ایف 15 جنگی طیارے متاثر ہوئے، تاہم انہیں بعد ازاں دوبارہ آپریشنل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق حملے میں ایک اے 10 تھنڈر بولٹ جنگی طیارہ بھی زد میں آیا، جسے ’وارٹ ہاگ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ایک اے 10 طیارہ ایک پر سے محروم ہونے کے باعث ناکارہ ہوگیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکی اڈے سے 30 سے زائد پیٹریاٹ میزائل داغے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کو پہلے ہی پیٹریاٹ میزائلوں کی کمی کا سامنا ہے۔
یہ حملہ ایران کی جانب سے امریکی کارروائیوں کے جواب میں کیے جانے والے جوابی حملوں کی تازہ لہر کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکا نے ایک روز قبل اعلان کیا تھا کہ ایرانی جانب سے امریکی بحری جنگی جہاز کو نشانہ بنانے کی کوشش کے جواب میں امریکی فورسز نے 5 ایرانی تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی کارروائی کے دوران 8 تیل بردار جہازوں، 2 جنگی بحری جہازوں اور اردن میں قائم امریکی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔



