ساہیوال میں حراستی تشدد و ہلاکت کیس، 5 پولیس اہلکار گرفتار

ساہیوال(جانوڈاٹ پی کے) ایف آئی اے ساہیوال سرکل نے حراستی تشدد اور دورانِ حراست ہلاکت کے مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے پنجاب پولیس اوکاڑہ کے 5 نامزد اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار اہلکاروں میں نذر عباس ایس آئی، عظمت علی ایس ایچ او/ایس آئی، رائے منظور ایس آئی، سیف اللہ محرر اور عرفان علی اے ایس آئی شامل ہیں۔ ملزمان کو ایف آئی آر نمبر 07/2026 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 34، 109 اور 201 جبکہ ٹارچر اینڈ کسٹوڈیل ڈیتھ (پریوینشن اینڈ پنشمنٹ) ایکٹ 2022 کی دفعہ 9 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کی تفصیلی انکوائری کے دوران زیرِ حراست شخص پر مبینہ تشدد، دورانِ حراست ہلاکت اور شواہد کو مبینہ طور پر چھپانے یا ضائع کرنے سے متعلق اہم شواہد سامنے آئے، جس کی بنیاد پر نامزد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار اہلکار اس وقت ادارے کی تحویل میں ہیں، جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے قانون کی بالادستی اور احتساب کے اصولوں کے تحت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید خبریں

Back to top button