پمز میں 10 فیصد مریضوں سے فیس وصولی! وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا سخت نوٹس، انتظامیہ سے جواب طلب

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پمز اسپتال میں مبینہ طور پر 10 فیصد مریضوں سے فیس وصول کیے جانے کا معاملہ سامنے آنے پر وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سخت نوٹس لے لیا، جبکہ پمز انتظامیہ سے فیس وصولی کی مکمل تفصیلات طلب کرلی گئیں۔

وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز میں مریضوں سے فیس وصولی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر اسپتال میں 90 فیصد مریضوں کا علاج مفت کیا جارہا ہے تو باقی 10 فیصد مریضوں سے فیس کیوں وصول کی جارہی ہے؟

مصطفیٰ کمال نے پمز انتظامیہ سے فیس وصول کرنے والے مریضوں کی تعداد، فیس کی مد میں حاصل ہونے والی آمدن اور دیگر متعلقہ تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

وزیر صحت نے اس معاملے پر پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان پر بھی اظہارِ برہمی کیا اور فیس وصولی کی وجوہات اور طریقہ کار سے متعلق وضاحت طلب کی۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ انہوں نے پمز انتظامیہ سے 10 فیصد مریضوں سے فیس وصولی سے حاصل ہونے والی آمدن کی تفصیلات بھی مانگی ہیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ فیس ادا کرنے والے 10 فیصد مریض پمز کے بارے میں کیا رائے قائم کریں گے، اس پہلو کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ وہ پمز کے 100 فیصد مریضوں کے مفت علاج کے معاملے پر وزیراعظم سے بات کریں گے۔

پمز میں مریضوں سے فیس وصولی کا معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسپتال میں اصلاحات کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اب وزیر صحت کی جانب سے سخت نوٹس کے بعد پمز انتظامیہ سے تفصیلی جواب اور فیس وصولی کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

مزید خبریں

Back to top button