’’سندھ کے عوام کی بدقسمتی ہے ایسے لوگ حکمران ہیں‘‘ سہیل آفریدی کا پیپلز پارٹی پر شدید حملہ

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ ایسے لوگ ان پر حکمران ہیں، ایک طرف بلاول کو خوش آمدید کہا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب راستوں میں کھڈے کھودے جاتے ہیں۔

کراچی میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام نے انہیں عزت دی ہے اور انہوں نے ہمت کے ساتھ فسطائیت کا مقابلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کیا جاتا ہے، جبکہ تحریک انصاف کا مؤقف ہے کہ موجودہ اسمبلیاں غلط طریقے سے وجود میں آئی ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سندھ کی ایک خاتون وزیراعلیٰ کے بیان پر بھی تنقید کی۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر ایک وزیراعلیٰ یہ کہتی ہیں کہ پڑوسیوں سے خطرہ ہے اور اسی جماعت کی وفاق میں بھی حکومت ہے تو ان کے مطابق اس صورتحال پر سوال اٹھتا ہے کہ اس جماعت کا بیانیہ ریاست کے خلاف ہے۔

افغانستان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور حکومت میں افغانستان کے ساتھ معاملات بہتر تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تحریک انصاف نے پالیسی پر تنقید کی تو جواب میں کہا جاتا ہے کہ ’’افغانستان چلے جاؤ‘‘۔

سہیل آفریدی نے اپنی ذاتی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ عام حالات سے گزر کر یہاں تک پہنچے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بسوں اور رکشوں میں اسکول جایا کرتے تھے، وہ بانی پی ٹی آئی کے رشتے دار نہیں اور نہ ہی ارب پتی ہیں۔

سہیل آفریدی کے سخت سیاسی بیانات کے بعد سندھ اور خیبرپختونخوا کی سیاسی کشیدگی پر ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی ہے، جبکہ ان کے بیانات پر سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کے ردعمل کا بھی امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button