میجرجنرل فیصل نصیر سے متعلق متنازع بیان کا کیس، صحافی بلال غوری کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے میجر جنرل فیصل نصیر کی نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) میں تعیناتی سے متعلق متنازع بیان دینے کے الزام میں درج پیکا ایکٹ کے مقدمے میں صحافی بلال غوری کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
جانو ڈاٹ پی کے کے مطابق صحافی بلال غوری کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے بلال غوری کے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیوائسز کی برآمدگی اور تفتیش کے لیے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ بلال غوری کے یوٹیوب اور ایکس اکاؤنٹس سے متعلق ریکوری اور مزید تفتیش درکار ہے۔ تاہم عدالت نے استغاثہ کی 10 روزہ ریمانڈ کی درخواست کے بجائے صحافی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
دورانِ سماعت بلال غوری کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پانچ ستمبر کو وی لاگ اپ لوڈ کیا گیا تھا، لیکن کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا اور براہِ راست گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
وکیل نے مزید کہا کہ متعلقہ پروگرام یوٹیوب پر موجود ہے اور ان کے مطابق وی لاگ میں ایسا کوئی لفظ موجود نہیں جسے غلط یا جھوٹ پر مبنی قرار دیا جاسکے۔
عدالت میں وکیل نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں قانونی طریقہ کار کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔ دوسری جانب تفتیشی ادارے کی جانب سے مزید تفتیش اور ڈیجیٹل آلات کی ریکوری کو بنیاد بناتے ہوئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
عدالت کے فیصلے کے بعد بلال غوری کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ کیس میں مزید پیش رفت آئندہ سماعت پر سامنے آنے کا امکان ہے۔



